بحری جہاز ڈوبنے سے 15ہزار سے زائد بھیڑیں ہلاک

سوڈان کی سواکن بندرگاہ پر مویشی لے جانے والا بحری جہاز ڈوبنے سے جہاز پر موجود ہزاروں بھیڑیں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں۔

 بندرگاہ حکام کے مطابق بھیڑیں سوڈان سے سعودی عرب برآمد کی جارہی تھیں۔

 اطلاعات کے مطابق حادثے کی صورت میں بحری جہاز پر موجود تمام عملے کو بچا لیا گیا جبکہ ہزاروں بھیڑوں میں سے صرف سات سو بھیڑوں کو بچایا جاسکا جن کی حالت بھی اچھی نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق بحری جہاز میں گنجائش سے زیادہ بھیڑوں کو لے جانا حادثے کی وجہ بنا، 9 ہزار بھیڑوں کو لے جانے والے جہاز میں 15  ہزار 8 سو بھیڑیں موجود تھیں۔

اطلاعات کے مطابق برآمد کی جانے والی بھیڑوں کی مالیت ڈیڑھ کروڑ سعودی ریال بتائی جا رہی ہے۔