بیجنگ: بھارت میں پیغمبرِ اسلام ﷺ کے بارے میں گستاخانہ بیانات دینے پر چین نے بھی بھارتی انتہا پسند حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے پریس بریفنگ میں بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے بنی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں گستاخانہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پر نہ صرف بھارتی مسلمانوں بلکہ اسلامی ممالک میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کے گستاخانہ تبصروں کے بعد بھارت میں جو صورتِ حال ہے امید ہے اُس میں جلد بہتری لائی جائے گی، انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ صورتحال کو مناسب طریقے سے حل کرے۔
وانگ وینبن نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ مختلف تہذیبوں اور مختلف مذاہب کو ایک دوسرے کا احترام کرنے اور برابری کی بنیاد پر حقوق کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انا، نسلی و مذہبی امتیاز کو ختم کرنا اور مختلف تہذیبوں کے درمیان امن و مکالمت کو فروغ دینا انتہائی اہم ہے۔