نیویارک/ پیرس / فرینکرٹ : مہنگائی اورکساد بازاری کے خدشات کے باعث عالمی حصص بازاروں میں بھونچال آگیا، امریکا، یورپ اور ایشیائی مارکیٹوں میں شدید مندی کا رجحان ہے۔
، کرپٹو مارکیٹ بھی کریش کرگئی۔
اسٹاک مارکیٹوں میں بھونچال آگیا، بڑے پیمانے پر فروخت کا دباؤ پڑ گیا، دنیا بھر کے حصص بازاروں میں شدید مندی کا رجحان ہے، ایک ہفتے میں کرپٹو مارکیٹ سے بھی 200 ارب ڈالر نکل گئے۔
امریکا کی ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس میں 876، ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 151 پوائنٹ کی کمی ہوئی جبکہ نیسڈیک ٹیکنالوجی انڈیکس بھی 530 پوائنٹ کی کمی پر بند ہوا۔
یورپی اسٹاک ایکسچینجز میں بھی شدید مندی رہی،، فرینکفرٹ اسٹاک ایکسچینج 334، لندن اسٹاک ایکسچینج 111 جبکہ پیرس اسٹاک ایکسچینج 162 پوائنٹس تک گر گئی۔ایشیائی حصص بازاروں میں فروخت کا دباؤ رہا، کئی بڑی کمپنیوں کے حصص گر گئے، ٹینسنٹ اور علی بابا کے شیئرز 7فیصد تک گر گئے۔
سام سنگ الیکٹرونکس کے حصص کی قیمت میں بھی 2.66 فیصد تک کم ہوگئی، کاروبار کے اختتام پر ہانگ کانگ اور ٹوکیو اسٹاک ایکسچینجز کے والیم میں 3 فیصد کمی آئی، سیول اسٹاک ایکسچینج 3.39 فیصد اور شنگھائی اسٹاک ایکسچینج 0.89 فیصد کی کمی پر بند ہوئی۔
عالمی حصص بازاروں میں شدید مندی نے کرپٹو مارکیٹ کو بھی ہلا کر رکھ دیا، ٹاپ کرپٹو کرنسی بٹ کوائن دسمبر 2020 کے بعد کم ترین سطح پر آگئی، بٹ کوائن 20ہزار، 800 اور اتھیریم 11 سو ڈالر کی کم ترین سطح پر ٹریڈ ہوا، فروری 2021 کے بعد پہلی بار کرپٹوکیپٹلائزیشن ایک کھرب ڈالر سے سے نیچے آگئی۔
دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں ایک بار پھر خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگیا، امریکی خام تیل کی قیمت 121 ڈالر، 80 سینٹ جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 122، 10 سینٹ فی بیرل کی قیمت پر ریکارڈ کی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں گندم کی قیمت بھی مسلسل بڑھ رہی ہے، فی ٹن گندم 2 ڈالر، 75 سینٹ اضافہ سے 394 ڈالر، 75 سینٹ ہوگئی، تاہم ملائیشین پام آئل 45 ڈالر کی کمی سے ایک ہزار، 397 ڈالر فی ٹن ہوگیا۔
سونے کی فی اونس قیمت 55 ڈالر کی کمی سے 1820 ڈالر، پلا ٹینم کی فی اونس قیمت 25 ڈالرکی کمی سے 925 ڈالر ہو گئی، پلاڈئیم کی فی اونس قیمت 128 ڈالر گر کر 1778 ڈالر پرآگئی۔