ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کےایکشن ہیرو اکشے کمار نےانکشاف کیا ہے کہ انہیں ٹرین کے اندر لوٹ لیا گیا تھا اورڈاکو اُن کی چپل تک لے گئے تھے۔ بالی ووڈ کے سب سے ڈسپلن اور فِٹ اداکاروں میں اول نمبر پر شمار کئے جانے والے اداکار اکشے کمار نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی میں پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعے کے بارے میں بات کی۔
اکشے کمار نے بتایا کہ ایک مرتبہ انہیں ٹرین میں ڈاکوؤں نے لوٹ لیا تھا’ ’میں نے ابھی 4500 سے 5000 روپے کی شاپنگ کی تھی اور میں ان سب کے ساتھ ٹرین کے اندر چڑھ گیا، میں ٹرین میں سو رہا تھا لیکن اچانک جب میری آنکھ کھلی تو میں نے دیکھا کہ کچھ ڈاکو ٹرین کے اندر موجود لوگوں سے سارا سامان لے رہے ہیں‘۔
اکشے کمار نے کہا کہ ’پھر ڈاکو میرے قریب آئے اور میرا سارا سامان لے گئے، اگر میں کوئی شور مچاتا تو وہ مجھے گولی مار دیتے‘۔ شو کے میزبان اداکارانوپم کھیر نے اکشے سے پوچھا کہ آپ اس وقت کیا کر رہے تھے جب ڈاکو آپ کا سامان لے جا رہے تھے؟ تو اداکار نے جواب دیا کہ ’میں رو رہا تھا‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے جو سامان 4500 روپے میں خریدا تھا، وہ سب لوٹ لیا گیا تھا اور میں پُرانی دہلی اسٹیشن پر بغیر سامان کے اُتر گیا اس وقت میں کوئی امیر ہیرو نہیں تھا اور وہ سامان میرے لئے بےحد اہمیت رکھتا تھا ‘۔