سڈنی: آسٹریلیا میں لیبر پارٹی سے سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والی فاطمہ پیمان پہلی باحجاب رکن بن گئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان نژاد مسلم خاتون 27 سالہ فاطمہ پیمان مغربی آسٹریلیا سے سینیٹ کی رکن منتخب ہوگئیں۔ وہ آسٹریلوی پارلیمنٹ میں پہنچنے والی پہلی باحجاب خاتون ہیں۔
فاطمہ پیمان نے کہا کہ میں اس نئی ذمہ داری کے لیے منتخب ہونے پر فخر محسوس کر رہی ہوں۔ تارکین وطن، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور شدت پسندی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھوں گی۔
خیال رہے کہ فاطمہ پیمان 8 سال کی عمر میں والدہ اور 3 بہن بھائیوں کے ساتھ بحیثیت تارکین وطن آسٹریلیا پہنچی تھیں اور وہیں تعلیم حاصل کی۔ بعد میں سیاسی جماعت لیبر پارٹی کا حصہ بنیں۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البینس اور نائب وزیر اعظم پیٹرک گورمین نے بھی باحجاب فاطمہ پیمان کے سینیٹ کا رکن بننے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
فاطمہ پیمان لیبر پارٹی کے ایڈ حوسک اور این ایلے کے ہمراہ پارٹی کے سینٹ میں موجود 3 آسٹریلوی شہریوں میں سے ایک ہوں گی۔