لاس اینجلس: ایلون مسک کے ٹرانس جینڈر بیٹے نے جنس کی تبدیلی اور اپنے نام سے والد کا نام ہٹا کر اپنی شناخت تبدیل کرنے کے لئےعدالت میں درخواست دائر کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کے 18 سالہ ٹرانس جینڈر بیٹے زاویر الیگزینڈر مسک نے لاس اینجلس کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کی جنسی شناخت مرد کے بجائے عورت کی جائے اور ان کے بائیولوجیکل فادر ایلون مسک کا نام ان کے نام سے ہٹایا جائے۔
زاویر مسک نے درخواست میں اپنے نئے نام کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی جنس مرد سے عورت اور اپنا نیا نام رجسٹر کروانا چاہتے ہیں، انہوں نے اپنے نام کے ساتھ والدہ کا نام لگانے کی تجویز دی ہے جس کے بعد ان کا نیا نام ’ویویان جینا ولسن‘ ہوگا۔
خیال رہے کہ ایلون مسک اور جسٹن ولسن کی 2008 میں طلاق ہوگئی تھی جن سے ان کے 5 بچے ہیں مسک اور ان کے ٹرانس جینڈر بیٹے کے درمیان دراڑ کی کوئی وضاحت سامنے نہیں آسکی۔
تاہم اپریل میں نام اور جنس کی تبدیلی کی دستاویز دائر ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد ہی ایلون مسک نے ریپبلکن پارٹی کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا، جس کے منتخب نمائندے اس قانون سازی کی حمایت کرتے ہیں جو ملک بھر کی ریاستوں میں خواجہ سراؤں کے حقوق کو محدود کر دے گا۔