بین الاقوامی کسادبازاری اور روس یوکرین جنگ نے دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر دوڑادی ہے، جس نے کورونا وبا سے متاثرہ بین الاقوامی معیشت کو مزید بد حال کردیا ہے، پاکستان بھی ان اثرات سے محفوظ نہیں اور یہاں بھی اشیائے صرف کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ان حالات میں حکومت کی جانب سے ریلیف مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کی ایک کوشش ہے جو قابل ستائش بھی ہے۔ گزشتہ روزوزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت یوٹیلٹی سٹورز کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا ء مفتاح اسماعیل، مخدوم مرتضی محمود اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو یوٹیلٹی سٹورز پر دی جانے والی سبسڈی، پسماندہ طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی، یوٹیلٹی سٹورز کی ملک بھر میں تعداد میں توسیع اوروزیرِ اعظم کے وژن کے تحت سستے آٹے کی فراہمی کے پروگرام پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن ملک میں اس وقت 3822سٹورز کو براہ راست اور 1380فرینچائز چلا رہی ہے جبکہ تیس جولائی تک بلوچستان، سندھ، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب میں 300سے زیادہ نئے سٹورز بنائے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ریلیف پیکج کے تحت اب تک 11 کروڑ 30 لاکھ مستحق افراد مستفید ہو چکے ہیں جن کو فی کلو آٹے پر 60روپے، چینی پر 21روپے، گھی پر 250روپے جبکہ دالوں اور چاول پر 15-20روپے ٹارگٹڈ سبسڈی دی گئی ہے‘ سبسڈی کا طریقہ کار ڈیجیٹل ہے جبکہ نادرا اور وزارتِ تخفیفِ غربت کے ڈیٹا سے منسلک ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 942یوٹیلٹی سٹورز پر سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر 1000نئے سیل پوائنٹس اور 200موبائل اسٹورز کا اضافہ کیا جا رہا ہے‘یہ بھی اچھی خبر ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے غریب اور پسماندہ طبقے کیلئے بڑا ریلیف پلان تیار کیا ہے جس کے تحت 5 بنیادی اشیا ئے ضروریہ کو اگلے مالی سال کیلئے کم نرخوں پر فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سبسڈی یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے پورے ملک میں غریب اور پسماندہ طبقے کو فراہم کی جائے گی، سستی فراہم کی جانے والی اشیاء میں آٹے، چینی، گھی/خوردنی تیل، دالیں، اور چاول شامل ہیں جنہیں بازار سے سستے داموں عوام کو فراہم کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے یوٹیلٹی سٹورز کے نیٹ ورک میں توسیع کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں یوٹیلٹی سٹور کی کم تعداد کسی طور منظور نہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں یوٹیلٹی سٹورز کی تعداد میں اضافے کا جامع منصوبہ دو ہفتے میں پیش کیا جائے‘ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پسماندہ طبقے کو اس وقت ریلیف کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اور پسماندہ طبقے کے ریلیف کیلئے حکومت ہر قیمت خرچ کرنے کو تیار ہے کیوں کہ پسماندہ طبقے کو اشیائے ضروریہ پر ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سبسڈی کا نظام شفاف اور ڈیجیٹل بنایا جائے، مختلف قسم کی سبسڈیاں اکٹھی کرکے ایک جامع نظام بنایا جائے اور نظام کے تحت خصوصی طور پر پسماندہ طبقے کے ریلیف کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے سبسڈی کے نظام میں اصلاحات کیلئے وزیرِ خزانہ، وزیرِ صنعت و پیداوار اور وزیرِ تخفیفِ غربت کو باہمی تعاون سے حکمتِ عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔اب کچھ دیگر اہم واقعات پر نظر ڈالتے ہیں۔حزب اسلامی افغانستان کے سر براہ سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار نے بجا کہا ہے کہ امریکہ ناکامی اور انتقام کے جذبے میں افغانستان سے واپس گیا ہے اور وہ شکست کا بدلہ لینے کی خاطر افغانستان میں دوبارہ جنگ و جدل چاہتا ہے۔
امریکہ ایک ایجنڈے کے تحت خانہ جنگی اور فتنہ پیدا کرنا چا ہے۔۔ گلبدین کی افغان حکومت کو یہ تجویز بھی بڑی دانشمندانہ ہے کہ افغانستان کے اندر منتخب پارلیمنٹ قائم کی جائے جو خارجہ و داخلہ پالیسی اور دیگر معاملات کا فیصلہ کرے ان کے اس بیان کو بھی وطن عزیز کے سیاسی حلقوں نے سراہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان آپس میں اپنے معاملات امن اور محبت سے طے کریں ماضی کے اختلافات کو پس پشت ڈال دیں۔خدا خدا کر کے کورونا سے جان چھوٹی تو اب اس وبا کے دوبارہ سر اٹھانے کی اطلاعات ہیں ادھر یک نہ شد دو شد ڈینگی بھی ایک مرتبہ پھر حملہ آ ور ہونے کی تیاری کر رہا ہے۔دوسری طرف محکمہ موسیمات یہ پیشگوئی کر رہا ہے کہ امسال مون سون کی بارشیں ملک میں وسیع پیمانے پر تباہ کاریاں کریں گی‘اس کیساتھ ساتھ صوبائی حکومت کا یہ فیصلہ قابل ستائش ہے جس کے تحت مزید پانچ بیماریوں کا مفت علاج صحت کارڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے معتبر ترین ادارے سے صحت کارڈ کا جو آ ڈٹ کروایاہے اسے بھی عوام نے سراہا ہے ان کا یہ کہنا بھی درست ہے کہ جہاں شکایات زیادہ ہوں گی اس ہسپتال میں صحت کارڈ خدمات روک دی جائیں گی‘اس حوالے سے مانیٹرنگ کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی جس کی طرف اب توجہ دی جا رہی ہے۔