افغانستان میں ہولناک زلزلہ نے قیامت ڈھا دی،سینکڑوں افراد جاں بحق

افغانستان میں قیامت خیز  زلزلے نے تباہی مچا دی،زلزلے کے باعث سب سے زیادہ اموات صوبہ پکتیکا میں ہونے کی اطلاعات ہیں جہاں ڈھائی سو سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس  کے مطابق کابل سمیت افغانستان کے مختلف حصوں میں رات گئے6.1شدت کا زلزلہ آیا، جس سے صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو سو پچپن افراد جاں بحق جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں گھر بُری طرح متاثر ہوئے۔

رپورٹس  کے مطابق ننگرہار، لغمان،غزنی، میدان وردک، لوگر،خوست میں بھی زلزلےکےجھٹکےمحسوس کیےگئے، زلزلے کے نتیجے میں اب بھی کئی افراد ملبےتلے دبے ہوئے ہیں متاثرہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز خوست شہر سے 27 میل دور تھا اوراس کی گہرائی 31 میل تھی۔

اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور پشاور سمیت شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9، گہرائی 40 کلو میٹر تھی، جب کہ زلزلے کا مرکز وسطی افغانستان تھا۔