بھارت ، نئے صدر کیلئے ملک میں پہلی بار قبائلی خاتون امیدوار نامزد

نئی دہلی: حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہندوستان کے نئے صدر کے لیے ہونے والے انتخاب میں دروپدی مرمو کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے صدارتی الیکشن کے لیے جھاڑکھنڈ کی سابق گورنر اور بی جے کی سرگرم رکن دروپدی مرمو کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ دروپدی مرمو کا تعلق اوڈیشہ سے اور وہ بی جے پی کے سیاسی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی مشترکہ امیدوار ہیں۔

بھارتی پارلیمان اور ریاستی اسمبلیوں میں بی جے پی اراکین کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا قومی امکان ہے کہ دروپدی مرمو صدر منتخب ہوجائیں گی۔ اگر وہ کامیاب ہوگئیں تو ملک کی پہلی قبائلی اور دوسری خاتون صدر ہوں گی۔ بھارت کی پہلی خاتون صدر کانگریس کی پرتبھا پاٹل تھیں۔

بی جے پی کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کا مقابلہ اپوزیشن کے امیدوار سابق وفاقی وزیر یشونت سنہا سے ہوگا۔  موجودہ بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے عہدے کی مدت 25 جولائی کو پوری ہو رہی ہے۔