خیبرپختونخوا میں ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے اور ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا’۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد ‘سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے’۔ اس سے قبل 18 جون کو شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان 'شدید فائرنگ کے تبادلے' میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا تھا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ چارسدہ کے رہائشی 32 سالہ نائیک زاہد احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا جس کی شناخت ضیا اللہ کے نام سے ہوئی اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
چند روز قبل 12 جون کو بھی خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھی پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔