راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے جبکہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
یاد رہے کہ اپریل میں سکیورٹی فورسز نے کلاچی میں آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
دہشت گردوں کی شناخت خلیل اور احسان عرف دیوا کے نام سے ہوئی تھی۔ دہشت گرد خلیل خود کش جیکٹس اور بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا۔