میڈرڈ: میلیلا شہر کے ذریعے اسپین میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران بھگدڑ مچ گئی اور 30 تارکین وطن کچل کر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مراکش اور اسپین کو جدا کرنے والے شہر میلیلا کی سرحد پر ڈھائی ہزار سے زائد افریقی تارکین وطن لوہے کی باڑ پر چڑھنے کی کوشش میں گر گئے۔ اس دوران بھگدڑ مچ گئی اور 30 افراد کچلے جانے کے باعث ہلاک ہوگئے۔
مراکش اور اسپین میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ بھی دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکڑوں تارکین وطن سرحدی باڑ کے پاس زمین پر نیم مردہ حالت میں پڑے ہوئے ہیں اور خون بہہ رہا ہے جب کہ قریب ہی مراکش کی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار کھڑے ہیں۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ مراکش کی سیکورٹی فورس کا ایک افسر زمین پر بے سدھ گرے تارکین وطن کو لاٹھی سے مار رہا ہے۔ تمام تارکین وطن مدد ملنے تک گھنٹوں زمین پر نیم مردہ حالت میں پڑے رہے جن میں سے اکثر موقع پر دم توڑ گئے۔
مراکش کی حکومت نے تارکین وطن پر تشدد کے الزام کو مسترد کردیا جب کہ اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے بڑے پیمانے پر زبردستی سرحد عبور کرنے کی کوشش کو اسپین کی علاقائی سالمیت پر پُرتشدد حملہ قرار دیا۔
اسپین کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اگر سرحد پر ہونے والی ہر چیز کا ذمہ دار کوئی ہے، تو یہ مافیاز ہیں جو انسانوں کی غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرانے کے کام میں ملوث ہیں۔