واشنگٹن: امریکا نے افغانستان میں حالیہ ہلاکت خیز زلزلے کے متاثرین کے لیے انسانی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا افغانستان میں زلزلہ متاثرین کو انسانی امداد فراہم کرے گا۔
سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ زلزلہ متاثرہ افغانوں کو 55 ملین ڈالر کی اضافی انسانی امداد دی جائے گی۔
چھ روز قبل افغانستان میں 6 اعشاریہ 1 شدت کے آنے والے زلزلے نے تباہی مچا دی ہے۔ ہلاکت خیز زلزلے میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور اتنے ہی زخمی ہوئے۔
زلزلے میں سب سے زیادہ تباہی صوبہ پکتیکا میں ہوئی جہاں 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ زلزلے کو ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
گزشتہ سال امریکا نے افغان عوام کے لیے انسانی امداد کا اعلان کیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا انسانی بنیادوں پر افغانستان کو 144 ملین ڈالر کی اضافی امداد دے گا۔
امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دی جانے والی اس فنڈنگ سے افغانستان اور خطے میں افغان مہاجرین کے لیے صرف 2021 میں امریکی انسانی امداد کی کُل رقم تقریباً 474 ملین ڈالر تک جا پہنچی تھی۔