کیف:جی سیون اجلاس میں بڑے فیصلوں کے باوجود روس کے یوکرین پر میزائل حملے جاری ہیں‘یوکرین کے شاپنگ مال پر روسی میزائل حملے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 58 افراد زخمی ہوگئے۔ تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
یوکرینی صدر زیلینسکی کے مطابق مال میں حملے کے وقت تقریباً ایک ہزار افراد موجودتھے لیکن خوش قسمتی سے کئی لوگ باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب یوکرین کے ایک اور شہر خارکیف میں بھی روسی شیلنگ کی اطلاعات ہیں۔اس حوالے سے مقامی گورنرکا کہنا ہے کہ روسی شیلنگ میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔
نیٹو نے مشرقی یوکرین میں ہائی الرٹ فوجیوں کی تعداد سات گنا سے زائد بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
نیٹو چیف جینز اسٹولٹن برگ ماسکو کو بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہائی الرٹ فوجیوں کی تعداد کو تین لاکھ تک بڑھایا جائے گا، رو س کے یوکرین پر حملہ نے بڑی جغرافیائی تبدیلی کو جنم دیا ہے،نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
سابق روسی صدر اور سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئر میں دیمتری میدویدیف نے نیٹو ممالک کو خبردار کیا ہے کہ نیٹو کا کریمیا پر حملہ روس کے خلاف اعلان جنگ ہو گا۔
نیٹو کی کریمیا میں کارروائی تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ فن لینڈ اور سویڈن نیٹو میں شامل ہوئے تو روس جوابی کاروائی کرے گا۔ روس اپنی سرحدوں پر ہائپر سونک میزائل نصب کر سکتا ہے۔