طرابلس: لیبیا کے ریگستان سے 20 تارکین وطن کی لاشیں ملی ہیں، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ بھٹک جانے کے بعد شدید پیاس کے سبب جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق لاشوں کو چاڈ کی سرحد سے 120 اور کفر شہر سے 320 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ریگستان سے گزرنے والے ایک ٹرک ڈرائیور نے دیکھا، جس پر اس نے لیبیائی حکام کو اطلاع دی۔
مقامی امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد تارکین وطن تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں ایک سیاہ رنگ کی گاڑی کے قریب سے ملیں، جو کہ خراب حالت میں بند تھی۔
کفر ایمبولینس سروس کے سربراہ ابراہیم بالحسن نے میڈیا کو بتایا کہ یہ 20 افراد کم از کم 14 دن پہلے ہی جاں بحق ہو گئے تھے جب ان کا آخری مرتبہ 13 جون کو موبائل فون کے ذریعے رابطہ ہوا تھا، تاہم اس کے بعد یہ بھٹک گئے۔
تارکین وطن کی گاڑی چاڈ سے یہاں پہنچی تھی اور اس پر سوار تمام لوگ پیاس کی شدت کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔