پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے دو ڈاکو مقابلے میں ہلاک  

لاہور میں مانگا منڈی بائی پاس کے قریب پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پولیس پرویز عرف پیجو اوڈھ سابقہ ریکارڈ یافتہ کو نشاندہی کے لیے لیکر جا رہی تھی کہ ملزم کے ساتھیوں نے ملزم کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔

ملزمان کی فائرنگ سے ملزم پیجو اوڈھ زخمی ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی زخمی ہوا، زخمی ساتھی کا نام عباس عرف باسو اوڈھ ہے، دونوں کو اسپتال بھجوایا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔

باقی ملزمان کی تلاش میں مانگا بائی پاس کے قریب سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے، ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ڈکیتی، اغوا اور زنا بالجبر جیسے جرائم کے ریکارڈ یافتہ ہیں۔

ملزمان نے گزشتہ سال مانگا بائی پاس پر دوران گشت کانسٹیبل عباد ڈوگر اور عادل حسین کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا جبکہ علاقہ سندر میں قیصر کانسٹیبل کو بھی شہید کیا تھا۔