پشاور میں ریلوے ملازم کی 11سالہ بچی کا اغواء و قتل 

پشاور:ریلوے کالونی پشاور کینٹ میں نامعلوم سفاک قاتلوں نے 11 سالہ بچی کو وحشیانہ تشدد اور گلے میں پھندا ڈال کر بیددری کیساتھ قتل کردیا۔

 ملزمان نعش خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہوگئے واقعہ کیخلاف لواحقین اور کالونی کے رہائشی مشتعل ہوگئے اور ریلوے سٹیشن کینٹ کے سامنے نعش سٹرک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیاو دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک نظام شدید متاثر ہوا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں ایس ایس پی آپریشن نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی۔

 پولیس کے مطابق گزشتہ شب صدر ریلوے کالونی میں رہائش پذیر محکمہ کے ملازم محمد نذیر کی بیٹی 11سالہ ماہ نور گھر کے قریب واقع دکان سے سودا سلف لینے گئی تھی جو کافی دیر تک واپس نہ آئی گھر کے افراد نے بچی کی تلاش شروع کی تو کالونی میں واقعہ ایک خالی پلاٹ سے اس کی نعش برآمد ہوئی جسے نامعلوم ملزمان نے وحشیانہ تشدد اور گلے پر دوپٹے سے پھندا لگاکر قتل کردیا تھا۔

مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ ماہ نور کے سر، چہرے اور گردن پر زخم کے نشانات ہیں مقتولہ کے لواحقین اور کالونی کے مکینوں نے پیر کی صبح نعش کینٹ ریلوے سٹیشن کے سامنے سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

روڈ بندش سے ٹریفک نظام شدید متاثرہوااور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں بعدازاں پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پرمنتشر ہوگئے پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔