میر علی وزیرستان، فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، 8اہلکار زخمی

میرانشاہ:شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے میں 8 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

مقامی پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ پیر کے روز سیکورٹی فورسز کا ایک قافلہ بنوں میرعلی روڈ پر میران شاہ کی طرف جارہا تھا کہ خدی مارکیٹ کے قریب ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑالیا جس سے سیکورٹی فورسز کے آٹھ اہلکار زخمی ہوئے جن میں حولدار کفیل،نائیک ابرار،لانس نائیک منہاد، لانس نائیک زینت،لانس نائیک محسن، لانس نائیک وحید،سپاہی آصف خان اور حوالدار یعقوب شامل ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک ہے جن کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کردیا ہے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور عینی گواہوں کے مطابق مین میرعلی میران شاہ روڈ کو خدی کے مقام پر ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ ابھی تک کسی نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔