افغانستان سے تعلق رکھنے والے مسلمان روحانی پیشوا کو بھارت میں قتل کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان روحانی پیشوا کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہاراشٹرا کے علاقے ناشک میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے 35 سالہ شخص کو فائرنگ کا نشانہ بناکر قتل کیا، مقتول کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے اور وہ ’صوفی بابا‘ کے نام سے مشہور تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ منگل کی شام کو پیش آیا جس میں مرنے والے کی شناخت خواجہ سید چشتی کے نام سے ہوئی ہے جو افغانستان کا ایک روحانی پیشوا تھا۔ بھارتی پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے مقتول کے ہاتھوں اور سر میں گولی ماری جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔