ہنگو: اورکزئی میں بد بخت نوجوان نے ماں اور بہن کو فائرنگ کر کے ابدی نیند سلا دیا، ملزم نے اپنی زندگی کا چراغ بھی گل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اورکزئی کے علاقہ چھپر مشتی میں نور سعید نامی نوجوان نے طیش میں آکر اپنے ہی خاندان پر فائرنگ کر دی۔
ڈی ایس پی محبوب اورکزئی کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ملزم نور سعید کی 56 سالہ ماں، 18 سالہ بہن موقع پر جاں بحق اور ملزم کا 10 سالہ بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔
بعد میں ملزم نور سعید نے خود کو بھی گولی مار دی۔ دلخراش واقعہ میں تین افراد کے قتل پر علاقہ کی فضا سوگوار ہے۔
پولیس نے اصل وجہ معلوم کرنے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اورکزئی پولیس نے مقتولین کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو چھپر منتقل کر دیا۔