نارووال:شکر گڑھ روڈ پر کرتار پور کے قریب تیز رفتار بس نے کار کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق اور 10مسافر زخمی ہو گئے،حادثہ کا شکار فیملی عید منانے لاہور سے اپنے آبائی گھر شکر گڑھ آ رہی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ شکر گڑھ روڈ پر کرتار پور کے قریب کراراں والی پھاٹک پر خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں پر لاہور سے عید کی خوشیاں منانے کے لیے آپنے آبائی شہر شکر گڑھ آنے والی فیملی کی کار کو تیز رفتار مسافر بس نے روند ڈالا جس کے نتیجہ میں کار میں سوار چار خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق اور بس کے دس مسافر زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق ہونے والے مسافروں کو کار کی باڈی کاٹ کا باہر نکالا گیا۔جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔
جاں بحق افراد میں قیصر،ناصر،قیصر کی والدہ اور خالہ،ناصر کی والدہ اور بیٹی شامل ہیں،زخمیوں میں چار مسافروں کی حالت تشویشناک ہے۔خوفناک حادثہ کی خبر ملتے ہی علاقہ بھر میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔