سہراب گوٹھ کراچی میں ہنگامہ آرائی کا دوسرا روز، گاڑی نذر آتش، 15 افراد گرفتار

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں دوسرے روز  بھی مشتعل افراد کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح گروہوں نے سہراب گوٹھ میں الآصف اسکوائر کے قریب گاڑی کو آگ لگائی تاہم پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ہنگامہ آرائی میں ملوث 15 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اشتعال انگیزی کرنے والے 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ میں شرپسندوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، گرفتار  اور فرار ملزمان کے خلاف سہراب گوٹھ تھانے میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ڈی ایس پی چوہدری سہیل فیض کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کے ہنگاموں کے دوران 150 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سہراب گوٹھ اور اطراف سے اب تک 165 افراد کو حراست میں لیا گیا، مقدمات میں 55 افراد گرفتار ہیں جبکہ دیگر سے تفتیش جاری ہے۔