شمالی وزیرستان میں فورسز کی کاروائیاں، تین دہشتگرد مارے گئے، 3گرفتار

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو مختلف کارروائیوں میں تین دہشت گردوں کو ہلاک اور تین کو گرفتار کر کے ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد کر لیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر دو آپریشنز کیے، پہلے آپریشن میں اہم کمانڈر سمیت تین دہشت گرد گرفتار کیے گئے جب کہ دوسرے آپریشن میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں آپریشنز کے دوران ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد ہوئے، تمام دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، دہشت گرد فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث ہیں۔

خیال رہے کہ 13 جولائی کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان بھی شہید ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مذکورہ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ لانس نائیک اسلام الدین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔