ناران میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک سیاح قتل،3زخمی

ایبٹ آباد:وادی ناران کے سیاحتی مقام سیرال گلی نوری ٹاپ پر سیاحوں کے لگے کیمپ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک سیاح گولی لگنے سے جاں بحق‘ تین زخمی ہو گئے۔

 قتل ہونے والے  ریٹائرڈ پرنسپل راجہ عظیم ولد کریم  اسلام آباد کے رہائشی تھے داماد مدثر حسین ولد محمد حسن ساکن گلگت‘فیضان سمیع ولد محمد سمیع پشاور‘ اسفند یار ولد سیف الرحمان کوئٹہ مزاحمت کے دوران زخمی ہو گئے۔

 نامعلوم ڈکیت  ایک ڈی ایس ایل آر کیمرہ 90ہزار روپے لے گئے ناران پولیس چوکی کے مطابق ریٹائرڈ پرنسپل کی موت گولی لگنے سے ہوئی جبکہ دیگر تین افراد کو ڈنڈوں سے زخمی کیا گیا۔

مذکورہ افراد نے سرال مالی پر کیمپ لگا رکھا تھا کہ رات سوا گیارہ بجے نامعلوم افراد نے انھیں آواز دیکر اٹھایا پولیس ذرائع کے مطابق راجہ محمد عظیم کے اٹھنے پر نامعلوم ڈکیت نے فائرنگ کر دی جس سے محمد عظیم موقع پر جاں بحق  ہو گئے جبکہ دیگر تین افراد کو ڈنڈوں سے مار کر زخمی کیاگیا اور ایک کیمرہ ڈی ایس ایل آر اور نوے ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

 پولیس چوکی ناران نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی ہے نعش اور زخمیوں کو بالاکوٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ ڈی ایس پی بالاکوٹ سراج خان اور ایس ایچ او تھانہ کاغان واجد خان بمعہ نفری موقع  پہنچ گئے ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔

ڈی پی او مانسہرہ عرفان طارق نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ دوردراز پہاڑی علاقوں میں کیمپنگ پر پاپندی عائد ہے تاہم ڈی ایس پی آور ایس ایچ او کی قیادت میں تین مختلف ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے آپریشن شروع کردیا گیا۔