پشاور میں زیادتی کے بعد بچیوں کو قتل کرنیوالا درندہ پکڑا گیا، ملزم نےاعتراف جرم بھی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ کینٹ کی حدود میں بچیوں سے زیادتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے آئی جی خیبر پختونخواہ معظم جاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا زیادتی کا مجرم قانون کی گرفت میں ہے ، گرفتاری کینٹ ڈویژن سے ہوئی۔
معظم جاہ نے بتایا کہ سیریل کلر سہیل نے تین بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کی کوشش کی ، جس میں سے دو بچیاں جان سے گئیں جبکہ ایک بچی حیات ہے، تینوں وارداتیں اتوار کو کی گئیں اور تینوں بچیاں کم عمر تھیں
ان کا کہنا تھا کہ 17جولائی کو جو واقعہ پیش آیاوہاں سے کچھ ثبوت ملےہیں، تیسرے واقعے کے بعد جو ثبوت ملے اس پر کام شروع کیا گیا۔
آئی جی خیبر پختونخواہ نے بتایا کہ ہزاروں گھنٹے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی ، ہزاروں موبائل نمبرز کی جیو فینسنگ کی ہے، مشتبہ افرادکی فہرست تیارکی پھرانفرادی طورپر تفتیش کی گئی۔
معظم جاہ نے کہا ملزم کےبارےمیں آپ کوتفصیل سےآگاہ کریں گے اور ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کریں گے، ملزم سہیل پشاور کا ہی رہائشی ہے،پیشے سے زری کا کام کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم سہیل قانون کےمطابق انجام کوپہنچے گا ، یہ سیریل کلر اتوارکے دن معصوم بچیوں سےزیادتی ،قتل کرتا تھا، ملزم ذہنی طورپر ٹھیک نہیں ،چالاک ہے ، کپڑے بدلتا رہتا تھا۔
آئی جی خیبر پختونخواہ نے کہا کہ ملزم سہیل قانون کےمطابق انجام کوپہنچےگا ، پولیس اپنے فرائض سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی۔
معظم جاہ کا کہنا تھا کہ سی سی پی اوکی سربراہی میں پوری ٹیم شاباش کی مستحق ہے، ایس ایس پی گلبرک کاخصوصی شکریہ اداکروں گاانہوں نے بہت محنت کی۔
انھوں نے کہا کہ کےپی کی آبادی 4کروڑ ہے،یہ غازیوں،شہیدوں کی پولیس ہے، کل رات متنی میں 2جوانوں کوٹارگٹ کلنگ کرکے شہید کیا گیا، ٹارگٹ کلنگ کے حملہ آوروں کےگھروں پر چھاپے مارے ہیں، ٹارگٹ کلنگ کے ملزمان جلد قانون کے گرفت میں ہوں گے۔