مردان:مردان میں شدید موسلادھار بارش کے دوران شادی والے گھر میں کمرے کی چھت گرنے سے دلہن سمیت 3افراد جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے۔
مردان کے شہری علاقہ چکڑو پل مصری آباد میں ظاہر خان نامی شخص کے گھر میں اس کی 19 سالہ بیٹی کی شادی تھی اور اتوار کو اس کی بارات آرہی تھی لیکن ہفتہ کو رسم مہندی کے دن شدید موسلادھار بارش کے دوران کمرے کی چھت گرجانے سے دلہن اپنے دو کمسن بھتیجوں چار سالہ عارف اوردو سالہ انس پسران خالد سمیت ملبے تلے کچل کرجاں بحق ہوگئی۔
مرنے والے بچوں کے دو بھائی 12 سالہ حارث, دس سالہ وارث اور دلہن کے والد ظاہر خان زخمی ہوگئے واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کے عملے نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ایم ایم سی ہسپتال منتقل کرلیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
اس افسوسناک واقعے سے شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا اور لواحقین شدید صدمے سے دوچار ہوگئے متوفیہ (ر)کی اتوار کو باجوڑ سے بارات آنیوالی تھی لیکن ڈولی کی بجائے گھر سے اس کا جنازہ اٹھ گیا۔