کراچی : ہاکس بے میں 6 افراد ڈوب گئے، 4 لاشیں برآمد

کراچی: ہاکس بے کے سمندر میں ڈوبنے والے 6 میں سے 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ مزید دو افراد کی تلاش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے سینڈسپٹ کے مقام پر ہفتے کی دوپہر سمندر میں ڈوبنے والے دونوں نوجوان کی لاشیں نکال لی گئیں، متوفین کی لاشیں ایدھی اور چھیپا بحری خدمات کی ٹیم نے ریسکیو کر کے نکالیں اور ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیں۔ ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ محسن ولد ظہور اور 15 سالہ معمون ولد امداد کریم کے نام سے کی گئی، متوفین نارتھ کراچی کے رہائشی تھے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔

اسی طرح، اتوار کی صبح ہاکس بے ٹرٹل بیچ پر نہاتے ہوئے 4 افراد ڈوب گئے، ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے ڈوبنے والوں میں سے 2 افراد کی لاشیں نکال لیں جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔ ملنے والی لاشوں میں سے ایک کی شناخت 25 سالہ نہال ولد عرفان اور ایک نامعلوم ہے جبکہ 15 سالہ فہد اور 25 سالہ شاہ رخ کی تلاش جاری ہے، ڈوبنے والے چاروں افراد لیاقت آباد نمبر 10 سندھ ہوٹل کے رہائشی ہیں۔