راولاکوٹ:آزاد کشمیر کے علاقے تتہ پانی کے نواحی گاوں تاہی میں شدید بارشوں کے باعث ایک مکان زمین بوس ہوگیا جسکے نتیجے میں 7 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
ملک افسر نامی شخص کے کچے مکان کو یہ حادثہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیاجہاں گھر کے افراد سوئے ہوئے تھے کہ شدید بارش کے دوران اچانک مکان کی چھت گر گئی جس سے تمام افراد ملبے تلے دب گئے اور موقع پر ہی 7بچوں سمیت 10 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ4 زخمی ہوئے۔
زخمیوں کوڈی ایچ کیو کوٹلی منتقل کردیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والوں کے جسدخاکی مقامی ہائی سکول تاہی میں رکھے گئے ہیں۔
بارش کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔
جاں بحق ہونے والوں میں نورین بیگم زوجہ محمد وحید عمر 35 سال،سیدی بیگم زوجہ محمد صادق عمر 60 سال، سحر عمر 13 سال، تابیہ عمر 11 سال دختران محمد وحید، وقار بیگم زوجہ زوہیب عمر 35 سال، ضماد ولد زوہیب عمر 8 سال، اسناد ولد زوہیب عمر 12 سال،عریشہ دختر زوہیب عمر 11 سال،زویا دختر زوہیب عمر 4 سال،مدثر ولد ارشادعمر 5 سال شامل ہیں۔
انتظامیہ، پولیس اور امدادی اداروں کے ذمہ داران موقع پر موجود رہے، مکان محکمہ سیاحت کے ڈرائیور محمد سعید کی ملکیت بتایا گیا ہے جس میں دو خاندان آباد تھے، جاں بحق ہونے والوں میں جھنگ سے آیا ایک مہمان بچہ بھی شامل ہے۔
مرحومین کو پیر کے روز سپرد خاک کردیا گیا،گھر سے ایک ساتھ نو جنازے اٹھنے تو قیامت صغری برپا ہو گئی،رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے،علاقے میں سوگ کا سماں ہے۔