صوابی میں تین نوجوان جگری دوستوں کا قتل، لاشیں قبرستان سے برآمد

صوابی:تحصیل ہیڈ کوارٹر چھوٹا لاہور کے گاؤں جلسئی میں رات کی تاریکی میں نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے تین نوجوان جگری دوستوں کو قتل کر دیاپیر کی صبح مقامی قبر ستان سے لاشیں برآمد ہوئیں۔ 

فضل غنی سکنہ جلسئی نے تھانہ لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ پیر کی صبح مجھے اطلاع ملی کہ مقبرہ شہید بابا چم جلسئی میں ان کے انیس سالہ بیٹے شاہ سوار کی لاش دیگر مقتولین کے ساتھ پڑی ہیں جسے اسلحہ آتشیں سے قتل کیا گیا تھا جب میں جائے وقوعہ پر پہنچا تو بیٹے شاہ سوار اور دیگر دو نوجوانوں آٹھارہ سالہ مراد ولد محمد قریش اور اکیس سالہ وقار ولد رستم ساکنان جلسئی کی لاشیں پڑی تھیں۔

 رپورٹ میں بتایا گیا کہ وجہ عناد فی الحال معلوم نہیں معلومات و تصدیق کر رہا ہوں چھوٹا لاہور پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

تینوں دوستوں کو نامعلوم ملزمان نے رات کی تاریکی میں مقبرہ میں قتل کیا جب پیر کی صبح مقامی لوگ مقبرہ سے گزر رہے تھے تو تینوں لاشوں کو دیکھ کر مقامی پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور صوابی منتقل کر دیا۔

 ڈی ایس پی لاہور پشم گل خان اور ایس ایچ او جواد خان مصروف تفتیش ہے بتایا گیا ہے کہ تینوں مقتولین آپس میں گہرے دوست تھے۔