کاٹلنگ میں خون کی ہولی، ماں بیٹی سمیت قتل، 3بیٹے شدید زخمی

کاٹلنگ:کاٹلنگ کے علاقے واڑہ کنج ٹانڈیل میں رات کے وقت صابر کے گھر میں خون کی ہولی کے دوران ماں بیٹی کو قتل جبکہ ان کے 3 بیٹوں کو شدید زخمی کردیا گیا۔

 ورثاء نے لاشوں کو مین شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔ 

واقعات کے مطابق گزشتہ رات واڑہ کنج ٹانڈیل میں نامعلوم افراد نے صابر نامی شخص کے گھر پر حملہ کرتے ہوئے خون کی ہولی کھیلی‘ پانچ‘ چھ حملہ آوروں نے صابر کے گھر کے چھت پر چڑھ کر گھر کے اندر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کی وجہ سے گولیاں لگنے سے صابر کی اہلیہ اور اس کی بیٹی موقع پر دم توڑ گئی جبکہ فائرنگ سے صابر کے تین بیٹے 20 سالہ احسان اللہ‘ 17 سالہ اسلام اور 14 سالہ عامر شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

 زخمیوں میں دو افراد کو مردان سے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ ورثاء نے اس خونریز واقعے کے خلاف لاشوں کو پرش کے مقام پر کاٹلنگ مین شاہراہ پر رکھ کر ٹریفک معطل کردی۔

 انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ واقعہ ناقابل برداشت اور انسانیت سوز ہے۔ اس میں ملوث افراد کا سراغ لگا کر انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

 بعد ازاں ڈی ایس پی گل شید خان اور دیگر پولیس عملے نے ورثاء کے ساتھ مذاکرات کرکے دودن کی مہلت مانگی اور یقین دلایا کہ دو دن کے اندر اندر ملزمان تک پہنچیں گے۔ جن پر ورثاء منتشر ہوگئے۔ 

روڈ تقریباً ایک گھنٹے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہا جس کی وجہ سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔