وانا + میرانشاہ: جنوبی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے تحصیل اعظم ورسک تھانہ پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا، ایک پولیس سپاہی نسیم یارگل خیل شہید ہوگیا۔
میر علی شمالی وزیرستان میں 3 دہشت گرد بم نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوگئے، پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ درمیانی شب یعنی رات گیارہ بجے نامعلوم افراد کی جانب سے اعظم ورسک تھانہ پر حملہ کیاگیا جس میں مبینہ طور پر سپاہی نسیم یارگل خیل شہید ہوگیا جبکہ تھانہ میں کھڑی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
بعد ازاں شہید ہونیوالے سپاہی نسیم اللہ کی نماز جنازہ وانا ایف سی کیمپ ڈی پی او آفس پولیس لائن جرگہ حال میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کی گئی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ اعظم ورسک میں پولیس تھانے پر نامعلوم افراد کے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔
جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
دریں اثناء شمالی وزیرستان میرعلی سب ڈویژن گاؤں حیدرخیل میں نامعلوم دہشتگردوں نے تباہی پھیلانے کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔جوں ہی دہشتگرد بم نصب کر رہا تھا کہ اچانک ایک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی وجہ سے وہاں پر موجود تین دہشتگرد موقع پر ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔