شکرپڑیاں پر غیر ملکی خواتین کو ہراساں کرنے والے 4 مرکزی ملزمان گرفتار

اسلام آباد: شکرپڑیاں پر غیر ملکی خواتین کو ہراساں کرنے والے 4 مرکزی ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

اسلام آباد  پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ویڈیوز بھی برآمد کرلی گئی ہیں، واقعےکا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج ہے۔

خیال رہےکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جشن آزادی کے روز غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے کا انکشاف ہوا  تھا۔

غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر ملکی خواتین کو شکر پڑیاں مونومنٹ پر ہراساں کیا گیا۔

غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے مقامی انتظامیہ سے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا  ہے۔