سوات سے کراچی جانیوالی بس کھائی میں جاگری، 8مسافر جاں بحق، 38شدید زخمی

سوات:سوات سے کراچی جانے والی کوچ المناک حادثہ کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 8 مسافر جاں بحق اور38شدید زخمی ہوگئے۔

لاشوں کو سوات اور کراچی منتقل کیا جارہا ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال سمیت کراچی منتقل کردیا گیا۔

 سوات کی تحصیل مٹہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ نمبر GB5454مٹہ سے پیر کی صبح کراچی کے لئے روانہ ہوئی تھی۔

 مٹہ ایکسپرس کے منیجر نے بتایا کہ گاڑی میں 49افراد سوار تھے جن میں تحصیل مٹہ سمیت کانجو اور کبل کے مسافرتھے۔

 بس سکھر کے قریب روہڑی کے مقام پر ڈرائیورسے بے قابوہوکر الٹ گئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق8افراد جان سے گئے جبکہ دیگر 38افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد کراچی سے بڑی تعدادمیں رشتہ داروں نے پہنچ کرزخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا جبکہ بعض لاشوں اور زخمیوں کو سوات روانہ کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سوات سے کراچی جانے والی مسافر وین کو روہڑی سکھرکے مقام پر پیش آنے والے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

 یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

 وزیر اعلیٰ نے حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

 دریں اثناوزیر اعلیٰ نے سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں دیر پائین کے چھ افراد کے جاں بحق ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور انکے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ 

وزیر اعلیٰ نے حادثے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔