’کنا یاری‘ کا گلوکار بال بچوں سمیت بے گھر، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستان کے معروف میوزک شو کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی گانے ’کنا یاری‘ کے گلوکار وہاب بگٹی کا گھر بلوچستان کے سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ان کی چاول کی فصل بھی مکمل تباہ ہوگئی اور ساتھ ہی دیگر دیہاتیوں کے گھر بھی ریلے میں بہہ گئے جس کے بعد تمام افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

میڈیا  ذرائع کے مطابق گلوکار نے بتایا کہ ان کا گھر دو دن قبل بارشوں سے باعث سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس کے بعد وہ اپنے 8 بچوں سمیت رات کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہوگئے تاہم گزشتہ شب 3 بجے بارش رُکی تو وہ تھک ہار کے اپنے دوست کے گھر پہنچے جنہوں نے وہاب بگٹی کو ایک کمرہ رہنے کے لیے دیا۔
وہاب کے مطابق ان کی چاول کی فصل بھی مکمل تباہ ہوگئی اور ساتھ ہی دیگر دیہاتیوں کے گھر بھی ریلے میں بہہ گئے جس کے بعد تمام افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹس میں ’کنا یاری‘ گلوکار عبدالوہاب کو چند بچوں سمیت بے یار و مددگار کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

گلوکار سے متعلق وائرل پوسٹس دیکھ کر معروف شخصیات کی جانب سے عبدالوہاب کے لیے مدد کی اپیل اور اعلان کیا جا رہا ہے۔

مصنفہ، گلوکار اور سماجی کارکن منیبہ مزاری نے عبدالوہاب کی حالت پر دکھ کا اظہار کیا۔
گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی کمنٹ کیا اور  اعلان کیا کہ وہ عطیات جمع کر رہی ہیں اور جلد ہی کوک اسٹوڈیو کے گلوکار وہاب علی بگٹی اور دیگر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بلوچستان پہنچنے والی ہیں۔

میڈیا  ذرائع کے مطابق عبد الوہاب بگٹی بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مرادجمالی کے ضلع نصیر آباد میں 1998 سے مقیم ہیں جب کہ ان کا گھر کچی مٹی کا بنا ہوا تھا۔