شلپا شیٹھی کی ٹوٹی ٹانگ کیساتھ یوگا کرنے کی ویڈیو وائرل

بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کو ٹوٹی ہوئی ٹانگ بھی یوگا سے نہ روک سکی۔

شلپا شیٹھی ان اداکاراؤں میں سے ہیں جنہیں اپنی فٹنس کا بے حد خیال رہتا ہے اور شلپا یوگا کی بے حد شوقین بھی ہیں جس کا اندازہ ان کی حالیہ ویڈیو سے لگایا جاسکتا ہے۔

گزشتہ دنوں شلپا شیٹھی  ویب سیریز 'انڈین پولیس فورس' کی شوٹنگ کے  دوران زخمی ہوئیں جس سے ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی تاہم اب ایک ویڈیو اداکارہ نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس میں انہیں بغیر کسی دقت کے یوگا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا '10 دن کے آرام کے بعد مجھے احساس ہوا کہ اب مجھے تھوڑا بہت ہلنا جلنا چاہیے، میرا زخم مزید کچھ ہفتے آرام مانگتا ہے لیکن میں نے یوگا کرنے کا فیصلہ کیا'۔

شلپا شیٹھی نے مشورہ دیا کہ 'وہ افراد جو زمین پر نہ بیٹھ سکتے ہوں یا جن کے گھٹنے یا کمر میں درد ہو، وہ ایسی ورزش کرسکتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'کسی بھی چیز کو اپنے معمولات زندگی میں رکاوٹ نہں بننے دیں، آپ یقین کے باعث زندگی کی بڑی سے بڑی رکاوٹوں پر قابو پا سکتے ہیں'۔