اداکار ایوب کھوسہ کی مداحوں سے اپیل، بلوچستان کی عوام کی مدد کریں۔۔۔!!

لسبیلہ: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار ایوب کھوسہ نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ سیلاب زدہ بلوچستان کی عوام کی مدد کریں۔

ایوب کھوسہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ بلوچستان کے ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں موجود ہیں جہاں پانی کے بےحد بہاؤ کی وجہ سے کوئٹہ کراچی کا زمینی راستہ بند ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کوئٹہ کا پاکستان سے رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔

اداکار نے بتایا کہ بلوچستان کے تمام ڈسٹرکٹ بےحد خراب صورتحال کا شکار ہیں اور لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ایوب کھوسہ نے کہا کہ لوگوں کی زندگی بہت مشکل میں ہے میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ خدا کے واسطے آگے بڑھیں لوگوں کے گھر واپس بنانے اور مال مویشی لوٹانے میں ان کی مدد کریں۔

اداکار نے اپیل کی کہ بلوچستان کے لوگوں کو کھانا پینا پہنچائیں آپ سیلاب زدگان کی زندگی آسان بنائیں اللہ آپ کی زندگی آسان بنائے گا۔