سلویسٹر اسٹیلون کی اہلیہ کا25سال بعد شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ

نیویارک: ہالی ووڈ ریمبو اسٹار سلویسٹر اسٹیلون کی اہلیہ جینیفر فلاون نے شوہر سے علیحدگی کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلویسٹر اسٹیلون کی اہلیہ نے شادی کے 25 سال بعد شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ اس وقت لیا جب اداکار نے اپنے بازو پر بنے اہلیہ کے ٹیٹو کو اپنے پالتو کتے کے ٹیٹو سے تبدیل کرلیا تھا۔

10 اگست کو ہالی ووڈ اسٹار کی اہلیہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنی تین بیٹیوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس پر لکھا کہ ’شاید اسٹیلون کے ساتھ معاملات ختم ہونے جا رہے ہیں‘۔

انہوں نے اپنی بیٹیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ لڑکیاں میری ترجیح ہیں، اس کے علاوہ کوئی چیز اہمیت نہیں رکھتی، ہم چار ہمیشہ ساتھ رہیں گی، جبکہ جینیفر نے اسٹیلون کو انسٹاگرام سے ان فالو بھی کردیا ہے۔

تاہم ریمبو اسٹار نے اپنے ایک بیان میں مؤقف اپنایا ہے کہ ’وہ اپنی اہلیہ کے ٹیٹو کو اپڈیٹ کروانا چاہ رہے تھے لیکن اس میں خرابی ہو گئی تھی جسے دور کرنا ممکن نہیں رہا تھا جس کی وجہ سے مجبوراً انہیں اپنی اہلیہ کے ٹیٹو کو اپنے کتے کے ٹیٹو سے چھپانا پڑ گیا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ’میں اپنے خاندان سے بہت محبت کرتا ہوں اور ہم یہ معاملہ دوستانہ اور نجی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔

البتہ جینیفر فلاون نے علیحدگی کیلئے جمعے کے روز فلوریڈا کی پام بیچ کاؤنٹی کی عدالت سے رجوع کیا جہاں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ’ان کے درمیان شادی کا تعلق اب ٹوٹ چکا ہے اور بات ناقابل واپسی حد تک پہنچ چکی ہے اور ان کے شوہر اسٹیلون ازدواجی اثاثے چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔

یاد رہے کہ ہالی ووڈ اسٹار اسٹیلون اور جینیفر فلاون 1997 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ان کی 4 بیٹیاں ہیں جبکہ اس جوڑی نے گزشتہ دنوں ہی شادی کی 25ویں سالگرہ منائی ہے۔