بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی ریٹائرڈ ٹیچر نامعلوم نمبر سے ایک واٹس ایپ میسج موصول ہونے کے بعد اپنے بینک اکاؤنٹ سے تقریباً 21 لاکھ روپے سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ آندھرا پردیش کے ضلع انامایہ کی رہنے والی ریٹائرڈ ٹیچر ورالکشمی ایک نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ میسج موصول ہونے کے بعد سائبر فراڈ کا شکار ہوگئیں۔
ورالکشمی کے مطابق گزشتہ دنوں انہیں واٹس ایپ پر ایک میسج موصول ہوا جس کے ساتھ ایک لنک منسلک تھا۔ انہوں نے اس لنک پر کلک کیا جس کے بعد ان کے بینک اکاؤنٹس سے مختلف ٹرانزیکشنز ہوگئیں۔
خاتون کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد نے سائبر فراڈ کے ذریعے 20، 40 اور 80 ہزار بھارتی روپے کی کئی ٹرانزیکشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر بینک اکاؤنٹ سے 21 لاکھ روپے نکال لیے۔
واٹس ایپ پر دل بھیجنے والوں کولاکھوں کا جرمانہ اور سزا ہوگی
ورالکشمی نے سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو واٹس ایپ پر ایک میسج موصول ہوا، جیسے ہی انہوں نے اس پر کلک کیا تو بینک کی جانب سے کئی میسج آئے کہ آپ کے اکاؤنٹ سے رقم کی کٹوتی ہوگئی ہے۔
تاہم جب خاتون نے بینک حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔