سینئر اداکارعدنان صدیقی اور حنا الطاف نے بھی سیلاب زدگان کیلئے آواز اٹھادی

عدنان صدیقی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرتمام پاکستانیوں کے لئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے خصوصی طور پر تمام سیاستدانوں سے درخواست کی ہے کہ سیلا ب متاثرین کیلئے اس وقت سب ایک ہوجائیں۔

اداکار نے کہا کہ’ میں سب پاکستانیوں کی بات کررہاہوں کہ سب اکٹھا ہوجائیں، سب اکٹھے ہوکر پاکستان کی بقاء کے بارے میں سوچیں‘۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’ہم سب آج بہت مصِبت میں ہیں، یہ اللہ کی طرف سے سزا ہے‘۔

انہوں نے تمام سیاست دانوں سے درخواست کی کہ ’آج ایک ہوں جائیں، انہوں نے پاکستان کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جس کو بھی سپورٹ کرتے ہیں کریں لیکن آج پاکستان کو بچانا ہے‘۔

دوسری جانب اداکارہ حنا الطاف نے بھی سیلاب متاثرین کیلئے غم کا اظہارکرتے ہوئے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں ایسی ویڈیوز کبھی نہیں بناتی لیکن سیلاب کی صورتحال دیکھ میں مجبور ہوگئی ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں چاہتی ہوں بطور قوم ہمیں ایک پیج پرکھڑے ہونا ہے، ہمیں بنی بنائی چیزیں اور امداد کا زیادہ سے زیادہ سامان اکٹھا کرنا ہے۔

اداکارہ نے عوام سے زیادہ سے زیادہ امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خواتین اور بچوں کے لئے زیادہ سے زیادہ سامان بھجوانا ہے۔

یاد رہے کہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر شوبز انڈسٹری سے وابستہ کئی فنکار اپنے مداحوں سے اپیل کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کریں۔