کراچی: پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی سیلاب زدگان کی امداد کرنے والی بچیوں کا جذبہ دیکھ کر حیران رہ گئیں۔
حدیقہ کیانی ان دنوں بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کیلئے اپنی سیلاب زدگان مہم ’وسیلہ راہ‘ کے تحت امدادی سازو سامان اور عطیات اکھٹا کر رہی ہیں۔
تاہم وہ یہ دیکھ کر حیران ہیں کہ جہاں ہر خاص و عام سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے متحرک ہے وہیں ننھے ننھے بچے بھی اپنا پیسوں سے بھرا قیمتی گلک سیلاب زدگان کی خاطر عطیہ کرنے میں پیش پیش ہیں۔
حدیقہ کیانی نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو ننھی بچیوں نے سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی خاطر اپنا اپنا گلّک توڑ کر اس میں جمع رقم وسیلہ راہ کو عطیہ کی۔
گلوکارہ نے درد مند دل رکھنے والی ان بچیوں کے جذبے اور کاوش کو خوب سراہا۔
یاد رہے کہ حدیقہ اپنی سیلاب زدگان مہم میں خود بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور اس کے تمام انتظامات خود سنبھالتی نظر آرہی ہیں گلوکارہ نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کا اندازہ وقت سے قبل ہی لگا کر ’وسیلہ راہ‘ مہم کا آغاز کر دیا تھا۔