لال سنگھ چڈا کی ناکامی، عامر خان معاوضے سے دستبردار

ممبئی: فلم ’لال سنگھ چڈا‘ کی باکس آفس پر بدترین ناکامی کے بعد بالی وڈ سپراسٹار عامر خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنا معاوضہ نہیں لیں گے۔

عامر خان کے معاوضہ نہ لینے  سے فلم پروڈیوسر کے 100 کروڑ تک کے نقصانات کا ازالہ ہوسکے گا۔

فلم کو 1.8ارب انڈین روپے کی خطیر لاگت سے بنایا گیا تھا جبکہ کم از کم ایک ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق فلم کے مکمل نقصان کو عامر خان نے خود ہی برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فلم کی ناکامی کی مکمل ذمہ داری وہ خود لینے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ فلم انڈین باکس آفس پر مکمل طور پر ناکام رہی اور بمشکل 100 کروڑ روپے کا بزنس کرسکی ہے البتہ عالمی باکس آفس پر فلم 2022 کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم بن گئی۔

’لال سنگھ چڈا‘ نے عالمی کمائی میں ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ اور ’کشمیر فائلز‘کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

مسٹر پرفیکشنٹ نے فلم کی تیاری پر اپنی زندگی کے چار قیمتی سال لگائے، جبکہ فلم میں کرینہ کپور کو شامل ہونے کے لیے آڈیشن دینا پڑا تھا۔