سائنس کے کمالات

سائنس دانوں کی ان تھک محنت سے روزانہ نئی نئی دریافتیں اور ایجادات سامنے آ رہی ہیں وہ بیماریاں جو کل تک لاعلاج تھیں آج ان کا تریاق دریافت ہو رہا ہے  سائنسدانوں نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے انسولین کے انجکشن کے بجائے متبادل گولیاں بنا لی ہیں اب انجکشن کے بجائے گولیوں سے انسولین کا اخراج  ممکن ہو سکے گا  اور شوگر کے مریضوں  کو روزانہ انجکشن  سے نجات مل جائے گی دوسری طرف سائنسدان مریخ پر آکسیجن بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور لگ یہ رہا ہے مریخ پر انسانوں کی رہائش کے خواب کو ایک نئی جہت ملی ہے ناسا والے مریخ پر اپنے ایک مشن کے دوران  ایک ایسی مشین ساتھ لے گئے تھے  جو کاربن ڈائی آکسائید کو آکسیجن  میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے  سائنسی تجربے سے ثابت کیا گیا ہے کہ یہ مشین مریخ کی سطح پر اتنی آکسیجن پیدا کرتی ہے کہ جتنی زمین پر ایک چھوٹا سا درخت بناتا ہے ان دو حوصلہ افزا واقعات کے بعد تشویشناک خبریں یہ ہیں کہ پاکستان میں 7ہزار سے زائد گلیشئر پگھل کر سیلاب بن رہے ہیں اور اس وجہ سے ملک میں حالیہ سیلابوں نے تباہی مچای ہے اور اب وطن عزیز میں صحت کے بحران کا خطرہ ہے لاکھوں بچے اور حاملہ عورتوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں‘ خدا آگے خیر کرے۔ ماہ رواں میں بھی اگر مزید بارشیں ہوئیں کہ جن کی پیشن گوئی کی  جا رہی ہے تو وطن عزیز کو مزید نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس حوالے سے ضرورت تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لانے کی ہے جس میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطہ ہو دیکھنا یہ بھی ہوگا کہ ماضی میں ایسی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے انتظامات میں کوئی کمی سامنے آئی ہو تو مستقبل میں اسے دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔