کرک میں جائیداد تنازعہ پر 5افراد قتل 

کرک:کرک شہر کے نواحی قصبہ میٹھا خیل میں جائیداد تنازعے پر فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے،زخمی ہونے والے میں دو راہگیر بھی شامل ہیں۔جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد آپس میں رشتہ دار ہیں۔

وقوعہ کے مطابق میٹھا خیل میں اتوار کے روز عصر کے وقت جامع مسجد جگ جماعت کے قریبی محلے میں اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع ہوئی جس سے ہر طرف چیخ وپکار سنائی دینے لگی شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو راہگیروں سمیت مجموعی طور پر 10افراد کو گولیاں لگیں جن میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس ذرائع و عینی شاہدین کے مطابق میٹھا خیل میں شدید فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال کرک لایا جارہا تھا کہ راستے میں صابر آباد روڈ پر سور قمر کے قریب مخالف فریق کی فائرنگ سے دو افراد کو موٹر سائیکل پر ایمبولینس کے ساتھ جاتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنایا گیافریقین میں گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے جائیداد کے تنازعے پر خاندانی تنازعہ چلا آرہا تھا۔

جاں بحق ہونے والوں میں فریق اول سے دو جبکہ فریق دوم سے تین افراد جاں بحق ہوچکے جاں بحق ہونے والوں میں فریق اول کے ممتاز علی،رفیع اللہ پسران ربستان ساکنان میٹھا خیل شامل ہیں۔

 اسی طرح فریق دوم سے ارمان اللہ ولد امان اللہ،صوبائل علی ولد زاہد علی،رحیم اللہ ولد جاں بحق ہوگئے ہیں فائرنگ سے دو راہگیر حضرت ولی ولد حضرت گل افغان مہاجر اور واحد رحمان ولد اول رحمان ساکن میٹھا خیل زخمی ہوگئے جبکہ میٹھا خیل میں جگ جماعت سے متصل محلے اور صابر آباد روڈ پر سور قمر کے قریب ہونے والے فائرنگ سے فریق اول سے سلیم ولد عطا اللہ زخمی بتایا گیا۔

 فریق دوم سے دو افرادمحمد یوسف ولد گل صاحب خان اور خاتون عصمت بی بی زوجہ عنایت اللہ ساکنان میٹھا خیل زخمی ہوئے ہیں بیشتر زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کرک سے پشاور ریفر کردیا گیاجبکہ وقوعہ کے بعدمیٹھا خیل اور کرک شہر سمیت پورے ضلع میں کہرام مچ گیا ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال کرک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیاگیا ہے۔