انجلینا جولی کا سابق شوہر بریڈ پٹ کیخلاف بڑا اقدام

نیویارک: معروف ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے اپنے سابق شوہر اداکار بریڈ پٹ پر 250 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کردیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے اپنے سابق شوہر اداکار بریڈ پٹ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ان کی مشترکہ جائیداد پر قبضہ کر رکھا ہے۔

امریکی عدالت میں بریڈ پٹ پر 250 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کرنے والی انجلینا جولی نے عدالتی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے اور بریڈ پٹ نے مل کر فرانس کے جنوب میں 1300 ایکڑ پر مشتمل مشترکہ جائیداد خریدی اور اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے کئی گنا سرمایہ کاری کی تھی۔

تاہم اب بریڈ پٹ نے طلاق اور بچوں کی تحویل کی کارروائی کے بدلے میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ جائیداد میں سے مجھے ایک پیسہ بھی نہ ملے، فرانس میں موجود مشترکہ جائیداد پر قبضہ کرنے کے لیے ایک مہم شروع کی ہے۔

اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ بریڈ پٹ نے اُنہیں خاموش کروانے کے لیے ان سے ایک کانٹریکٹ پر دستخط بھی کروائے تاکہ اُنہیں شادی کی تفصیلات پھیلانے سے روکا جا سکے۔

انجلینا جولی کا مزید کہنا ہے کہ ان کے سابق شوہر نے ان کی مرضی کے بغیر فرانس میں موجود مشترکہ جائیداد کے کچھ تعمیراتی کاموں پر کئی ملین ڈالرز بھی خرچ کیے ہیں۔

یاد رہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے 23 اگست 2014 میں شادی کی تھی اس جوڑی کے 6 بچے ہیں تاہم 2019 میں انہوں نے راہیں جدا کرلیں تھیں۔