کارتک آریان کو عاشقی 3میں ہمایوں سعید جیسا کردار ادا کرنیکا مشورہ

بالی وڈ کے سپر اسٹار اور  ایک کے بعد ایک ہٹ فلمیں دینے والے کارتک آریان کو بھارتی صحافی نے ہمایوں سعید جیسا کردار اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔

حال ہی میں اعلان کیا گیا ہے کہ بالی وڈ کی مقبول فلم 'عاشقی' کا تیسرا سیکوئل آنے جارہا ہے جس میں مرکزی کردار کارتک آریان نبھائیں گے، اداکار سمیت فلم کے ڈائریکٹر موہت سوری نے بھی فلم کی پہلی جھلک انسٹاگرام پر شیئر کی۔

اس حوالے سے معروف بھارتی صحافی اور فلمی ناقد روہت جیسوال نے تبصرہ کیا۔

انہوں نےٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا 'میں چاہتا ہوں کارتک عاشقی 3 میں کبیر سنگھ (شاہد کپور) جیسا کردار اپنائیں لیکن وہ کردار دل شکستہ ہونا چاہیے جو کہ گہرے غم میں ہے ناکہ کبیر سنگھ کی طرح جارحانہ '۔

روہت جیسوال نے مزید لکھا 'کارتک کو ایسا کردار بھی اپنانا چاہیے جو عاشق تو ہو لیکن بدلہ نہ لینا چاہتا ہو، جیسا ہمایوں سعید نے میرے پاس تم ہو ڈرامے میں نبھایا تھا'۔

واضح رہے کہ فلم عاشقی 1990 میں ریلیز کی گئی تھی جس کے بعد عاشقی 2 کو 2013 میں ریلیز کیا گیا جس میں اداکارہ شردھا کپور نے ڈیبیو کیا تھا اور ان کا ساتھ اداکار ادیتیا رائے کپور نے نبھایا تھا۔