اداکارہ صبور علی نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل وہ اپنے شوہر علی انصاری کو دوسری لڑکیوں سے محبت اور شادی کرنے کا مشورہ دیتی رہتی تھیں۔ صبور اور علی انصاری نے جنوری 2022 میں شادی کی تھی، دونوں نے شادی سے قبل ایک ڈرامے سمیت مختلف منصوبوں میں ایک ساتھ کام بھی کیا تھا۔
شادی کے بعد دونوں اگرچہ اسکرین پر کم دکھائی دیتے ہیں، تاہم دونوں سوشل میڈیا پر متحرک رہتے ہیں اور اب شادی کے کئی ماہ بعد دونوں نے اسکرین پر واپسی کی ہے۔ حال ہی میں صبور علی نے دیے گئے انٹرویو میں شادی کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بات کی اور ساتھ ہی انہوں نے شوبز کے حوالے سے بھی کھل کر باتیں کیں۔
صبور علی نے بتایا کہ وہ اور علی انصاری ساتھی اداکار کے طور پر ملتے رہتے تھے اور انہوں نے متعدد دوستوں کی شادیوں میں ایک ساتھ ڈانس بھی کیے مگر ان کے درمیان رومانوی تعلقات نہیں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی سہلیاں اور علی انصاری کے دوست انہیں چھیڑتے رہتے تھے اور دونوں پر الزام لگاتے تھے کہ ان کے درمیان تعلقات ہیں، حالانکہ انہوں نے کبھی ایک دوسرے کو رومانوی نظر سے نہیں دیکھا تھا۔
اداکارہ کے مطابق علی انصاری کی بہن مریم انصاری بھی انہیں بولتی رہتی تھیں کہ ان کے بھائی کے لیے کوئی لڑکی دیکھو اور بعد ازاں انہیں ہی وہ کہتی تھی کہ تم ہی علی سے شادی کرلو۔
اداکارہ نے بتایا کہ متعدد اداکاراؤں اور اداکاروں نے ان دونوں کو ایک دوسرے سے محبت کرنے کا مشورہ بھی دیا لیکن اس باوجود دونوں ایک دوسرے سے محبت کرنے کو تیار نہ تھے۔
صبور علی کے مطابق وہ خود علی انصاری کو متعدد بار متعدد لڑکیوں سے محبت اور شادی کی تجاویز دیتی رہتی تھیں مگر دوسری لڑکیاں انہیں کہتی تھیں کہ وہ علی سے شادی کرلے۔
ان کے مطابق انہوں نے ایک دن تمام سہیلیوں اور دوستوں کے ہمراہ علی انصاری کے ساتھ بیٹھ کر صاف صاف گفتگو کی اور واضح کیا کہ وہ محبت کے چکر میں نہیں پڑیں گی، وہ براہ راست شادی کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی وضاحت کے بعد علی انصاری بھی ٹھیک ہوگئے اور ان کی بہن مریم انصاری نے پہلے ہی سجل علی سے رشتے کی بات کرلی تھی اور پھر علی انصاری ان کے ہاں رشتہ لے کر آگئے اور دونوں کی شادی ہوگئی۔
صبور علی کا کہنا تھا کہ علی انصاری اپنی والدہ اور بہن مریم انصاری کی بہت عزت کرتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ انہیں پسند آگئے، کیوں کہ جو شخص اپنی بہن اور والدہ کی عزت کرتا ہو، وہ بیوی کی بھی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد اب لوگ انہیں کہتے رہتے ہیں کہ علی کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر نہیں کیا کرو، نظر لگ جائے گی۔
صبور علی نے کہا کہ علی انصاری بہت ہی رومانوی شخص ہیں اور انہیں ہر روز سرپرائز دے کر ان کی زندگی خوشیوں سے بھر رہے ہیں اور وہ اس پر جتنے بھی شکرانے ادا کریں وہ کم ہیں۔