اداکار فیروز خان نے کچھ عرصہ قبل شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیوں بدل لیا تھا؟

حال ہی میں  خدا اور محبت جیسے مشہور ڈرامے میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے فیروز خان نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی نجی زندگی سمیت کئی موضوعات پر کھل کر بات کی۔

اس انٹرویو میں اداکار نے کچھ عرصہ قبل اپنے شوبز چھوڑنے کے اعلان کی وجہ بھی بتائی ، فیروز نے بتایا کہ وہ آؤٹ ڈور شوٹنگ کر رہے تھے اور وہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے ایک جگہ پھنس گئے تھے جس کی وجہ سے وہ اپنی  آگے  کی زندگی کے بارے میں سوچ رہے تھے اور انہوں نے بزنس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

یہی وجہ تھی کہ وہ اداکاری  کو مزید جاری نہیں رکھنا چاہتے تھے لیکن پھر وہ دوبارہ  ڈراموں میں کام  کرنے لگے۔

فیروز نے بعد میں اپنے اس فیصلے کو واپس لینے کی وضاحت بھی دی کہ ان کے شیخ نے انہیں اتنا بڑا فیصلہ نہ لینے کی صلاح دی جس پر وہ واپس شوبز میں آگئے۔

فیروز خان سے میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ کا دل نہیں چاہتا کہ آپ کسی رومانوی ہیرو کا کردار ادا کریں؟ جس پر فیروز خان کا کہنا تھا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں حقیقی زندگی میں رومانس کروں، میں محبت کرنا چاہتا ہوں۔


اداکار کا کہنا تھا کہ میں محبت کا تجربہ کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جتنی بھی نعمتیں دیں اور ہم جتنے بھی صوفیائے کرام کی بات کریں انھوں نے بھی محبت کو ترجیح دی ہے۔

فیروز خان کا کہنا تھا تمام صوفیائے کرام نے معافی، درگزر اور محبت کو ترجیح دی ہے تو انسان کو چاہیے کہ اسکرین کے بجائے حقیقی زندگی میں محبت کرے۔