صائمہ سے شادی ایک دہائی تک خفیہ رکھی، سید نور کا انکشاف

لاہور: پاکستان کے معروف فلمساز سید نور کا کہنا ہے کہ انہوں نے  اداکارہ صائمہ سے شادی تو کی مگر کچھ مجبوریوں  کی وجہ سے اسے ایک دہائی تک دنیا سے چھپائے رکھا۔

حال ہی میں سید نور ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور اداکارہ صائمہ سےشادی سمیت کئی موضوعات پر گفتگو کی۔

فلم ساز سید نور نے اس  شو میں  پہلی بار اعتراف کیا کہ انہوں نے اداکارہ صائمہ سے شادی کی بات کو قریب ایک دہائی تک خفیہ رکھا تھا ساتھ ہی انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان دونوں کے خاندان ہی ان کی شادی ختم کروانے کی کوششیں کرتے رہے۔

سید نور نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ نور گھریلو خاتون تھیں، وہی انہیں فلموں میں لائے اور انہوں نے ان کی فلموں کے لیے جتنے بھی گانے لکھے وہ بے حد مقبول ہوئے۔

فلم ساز نے بتایا کہ جب ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ کو صائمہ سے تعلقات کا علم ہوا تو وہ ناراض ہوئیں مگر پھر وہ مان بھی گئیں اور ان کی دوسری شادی کو سب سے پہلے انہوں نے ہی قبول کیا۔  

انہوں نے صائمہ سے شادی اور محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صائمہ کو دیکھتے ہی انہیں ان سے محبت ہوگئی تھی مگر اس کا اظہار انہوں نے کئی سال بعد کیا۔

انہوں نے بتایا کہ  فلم ’گھونگھٹ‘ کے بعد ان کے اور صائمہ کے درمیان محبت ہوئی اور ساتھ ہی یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے کئی سال تک صائمہ سے شادی کی بات کو خفیہ رکھا۔

فلم ساز نے اعتراف کیا کہ ان کی اور صائمہ کی شادی 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چوڑیاں‘ کے فوری بعد ہوگئی تھی مگر انہوں نے اس کا اعتراف 2007 میں تقریبا ایک دہائی بعد کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ان کی شادی کی باتیں سامنے آئیں تو ان کے خاندان سمیت صائمہ کے گھر والے بھی ناراض ہوگئے اور ہر کسی نے یہی دعویٰ کیا کہ ان کی شادی چند ماہ میں ختم ہوجائے گی۔تاہم ان کے درمیان سچی محبت تھی تو یہ رشتہ تاحال قائم ہے اور وہ  ایک بنے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ 2018 میں سید نور اور صائمہ کے درمیان اختلافات اور طلاق کی افواہیں پھیلی تھیں، جس پر جوڑی نے وضاحت دیتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔