انجیلینا جولی پاکستان پہنچ گئیں

نیویارک: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی سفیر اور ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انجیلینا جولی پاکستان پہنچ گئیں۔

غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی، آئی آر سی  نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ اعلان کیا تھا کہ انجیلینا جولی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گی اور سیلاب زدہ علاقوں  کے متاثرین کی مشکلات  کو حل کرنے کے اقدامات کریں گی۔

تاہم اب امریکی اداکارہ پاکستان پہنچ چکی ہیں، انجیلینا دادو سمیت سندھ کے کئی علاقوں کا دورہ کریں گی ساتھ ہی وہ بے گھر لوگوں اور افغان پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی مقامی تنظیموں کا بھی دورہ کریں گی جس میں وہ موسمیاتی تبدیلیوں اور نقل مکانی کے حوالے سے تبادلہ خیال  کریں گی۔

انجلینا جولی سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کر رہی ہیں ان کے دورے کا مقصد متاثرہ علاقوں میں امدادی نظام کو بہتر کرنا ہے۔

یاد رہے کہ انجیلینا اس سے قبل بھی 2005 میں زلزلہ متاثرین اور 2010 میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان پہنچیں تھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان بھر میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب نے تباہی مچائی جس سے تقریباً 33 ملین افراد متاثر اور بےگھر ہوئے ہیں۔