پاکستانی اداکار فیروز خان کی اہلیہ علیزہ نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے علیزہ نے لکھاکہ 'ہماری چار سال کی شادی الجھنوں کا شکار رہی۔ اس عرصے کے دوران میں نے شوہر کی جانب سے مسلسل جسمانی اور نفسیاتی تشدد ، بے وفائی اور بلیک میلنگ کا سامنا کیا'۔
تاہم سوچ بچارکے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس خوفناک انداز میں نہیں گزار سکتی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے ایسے تشدد زدہ ماحول میں پرورش پائیں۔
واضح رہے کہ آج ہی کراچی کی مقامی عدالت نے اداکار فیروز خان کو عدالتی اجازت کے بغیر بچوں سے ملاقات سے روک دیا تھا۔
فیملی کورٹ شرقی میں اداکار فیروز خان کی جانب سے بچوں سے ملاقات کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
اداکار فیروز خان کا کہنا تھا کہ بچوں کاخرچ ادا کر رہاہوں ، اسکول میں داخلہ بھی دلوایا مگر بچوں کی والدہ انہیں اسکول نہیں بھیج رہیں۔
اداکار کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میں گلستان جوہر میں رہتی ہوں، روز ڈیفنس کے اسکول کیسے لے جاؤں۔عدالت نےکیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں معروف پاکستانی اداکار فیروز خان اور ان کی اہلیہ علیزہ میں علیحدگی کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر گردش تھیں۔
فیروز اور علیزہ نے انسٹا گرام پر ایک دوسرے کو ان فالو کر دیا تھا اور دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایک دوسرے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی ہٹا دی تھیں۔
یاد رہے کہ فیروز اور علیزہ نے 2018 میں شادی کی تھی، دونوں کے دو بچے ایک بیٹا اور بیٹی بھی ہیں۔